نئی دہلی، 16؍ ستمبر (ایس او نیوز؍ایجنسی) ایل جی کو زیادہ اختیارات دینے کو چیلنج کرنے والی دہلی حکومت کی درخواست پر جلد سماعت ہو سکتی ہے۔ سپریم کورٹ جلد ہی اس درخواست پر سماعت کی فہرست کا حکم دے گی۔ سینئر ایڈوکیٹ اے ایم سنگھوی، سپریم کورٹ کے چیف جسٹس این وی رمن کی سربراہی میں بنچ کے سامنے پیش ہوتے ہوئے کہا کہ اس معاملے میں دائر درخواست کی جلد سماعت ہونی چاہیے۔ سپریم کورٹ میں دہلی حکومت کی جانب سے دلائل دیتے ہوئے کہا گیا کہ سپریم کورٹ کے آئینی بنچ کے دئے گئے فیصلے کے برعکس یہ قانون بنایا گیا ہے، جس کے تحت ایل جی کو زیادہ اختیارات دئے گئے ہیں۔ نیا قانون 22 مارچ کو لوک سبھا اور 24 مارچ کو راجیہ سبھا میں منظور ہوا۔ چیف جسٹس این وی رمن کی سربراہی میں بنچ نے درخواست گزار کو بتایا کہ وہ درخواست کی سماعت کے لیے لسٹنگ پر جلد فیصلہ دے گا۔